LIVE

محمد آصف قطر میں ہونے والی اسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم

فیضان لاکھانی
September 09, 2021
 

قطر نے ویکسین کرائیٹیریا مکمل نہ ہونے کی بنیاد پر محمد آصف کو ویزہ جاری کرنے سے انکار کردیا ہے —فوٹو: فائل 

عالمی ایمچر اسنوکر چیمپئن محمد آصف قطر میں ہونیوالی ایشین اسنوکر اور ورلڈ سکس ریڈ بالز اسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم ہوگئے۔

 قطر نے ویکسین کرائیٹیریا مکمل نہ ہونے کی بنیاد پر محمد آصف کو ویزہ جاری کرنے سے انکار کردیا۔

ایشین اسنوکر چیمپئن شپ 11 ستمبر سے اور ورلڈ سکس ریڈ بالز اسنوکر چیمپئن شپ 17ستمبر سے دوحہ میں کھیلی جائے گی۔

 پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے ) نے پہلے ان ایونٹس کیلئے محمدآصف اور بابر مسیح کے ناموں کا اعلان کیا تھا لیکن ویزہ نہ ملنے کی وجہ سے آصف اس چیمپئن شپ میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔

پی بی ایس اے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ محمد آصف کو ویکسی نیشن کرائٹیریا مکمل نہ ہونے کی وجہ سے قطر کا ویزہ جاری نہیں کیا گیا۔

 پی بی ایس اے کے ایک عہدیدار نے جیو نیوز کو بتایا کہ محمد آصف نے ویکسن لگوائی تھی لیکن ان کو لگنے والی کین سائنو کی ویکسن قطر میں منظور شدہ نہیں تھی جس کی وجہ سے ان کو ویزہ نہیں مل سکا۔

پی بی ایس اے نے محمد آصف کی جگہ حارث طاہر کو چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے نامزد کردیا ہے، دونوں پلیئرز 10 ستمبر کو کراچی سے قطر کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔