LIVE

افغان کرکٹ بورڈ کا آسٹریلیا سے تاریخی ٹیسٹ میچ منسوخ نہ کرنے کا مطالبہ

ویب ڈیسک
September 11, 2021
 

افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی ٹیسٹ میچ 27 نومبر کو ہوبارٹ میں شیڈول ہے: فائل فوٹو

افغان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا سے تاریخی ٹیسٹ میچ منسوخ نہ کرنے کا مطالبہ کردیا۔

افغانستان میں طالبان کی جانب سے خواتین کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد آسٹریلیا نے دونوں ٹیموں کے درمیان تاریخی ٹیسٹ میچ منسوخ کرنے کی دھمکی دی تھی۔

افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی ٹیسٹ میچ 27 نومبر کو ہوبارٹ میں شیڈول ہے۔

افغان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حامد شنواری نے ایک بیان میں کہا کہ کھیل کو منسوخ کرنا ثقافت اور مذہبی اقدار کو تبدیل نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر آسٹریلیا کی طرح دیگر قومیں بھی افغان ٹیم سے میچ کا بائیکاٹ کرتی ہیں تو یہ افغانستان سے کرکٹ کے خاتمے کا سبب بن سکتا ہے۔

افغان کرکٹ بورڈ کے سی ای او نے ملک میں ثقافتی، مذہبی اور بدلتے ہوئے سیاسی ماحول میں کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کرنے کو آئی سی سی کی جانب سے قبول کرنے پر کونسل کو سراہا جب کہ انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا سے مطالبہ کیا کہ وہ بھی متوازن کرکٹ ڈپلومیسی پر غور کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ میچ کی میزبانی پر رضا مندی آسٹریلوی بورڈ کی جانب سے افغان عوام کے لیے تحفہ ہوگا، اس سے تعلقات مضبوط ہوں گے۔

طالبان کی پابندی

واضح رہےکہ طالبان کے ثفاقتی کمیشن کے نائب سربراہ احمد اللہ واثق کی جانب سے آسٹریلوی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا گیا تھا کہ خواتین کو کرکٹ سمیت کسی ایسے کھیل کی اجازت نہیں دیں گے جس میں ان کا جسم اور چہرہ ڈھکا ہوا نہ ہو۔

احمد اللہ واثق کا یہ بھی کہنا تھا کہ خواتین کا کھیلوں میں حصہ لینا نہ تو مناسب ہے اور نہ ہی ضروری ہے، مخالفین کے ردعمل کی وجہ سے اسلامی اقدار کو پامال نہیں کریں گے۔

آئی سی سی کا ردِ عمل

دوسری جانب طالبان رہنما کے اس بیان پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان میں ثقافتی اور مذہبی چیلنجز کے باوجود خواتین کے طویل بنیادوں پر کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے افغانستان کو 2017 میں ٹیسٹ فارمیٹ میں شامل کیا گیا تھا تب سے آسٹریلیا نے اب تک افغان ٹیم کے ساتھ کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا۔