LIVE

وزیراعظم کو روسی صدر کا فون، افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

ویب ڈیسک
September 14, 2021
 

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن  نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں صدرپیوٹن اور وزیراعظم عمران خان  نے افغانستان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم اور روسی صدر نے دوطرفہ تعاون پر بھی گفتگو کی جبکہ وزیراعظم نے علاقائی سکیورٹی اور خوشحالی کیلئے افغانستان میں امن واستحکام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم  نے افغانستان کیلئے انسانی بنیادوں پرامدادکی فوری فراہمی اور  معاشی بحران سے بچاؤ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس نازک مرحلے پر افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم  نے مختلف شعبوں میں پاک روس تعاون بڑھانے پر زور دیا اور ساتھ ہی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھاکہ روس سے تجارت اور سرمایہ کاری مستحکم کرنا روابط میں سنگ بنیاد ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے روسی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جبکہ روسی صدر نے بھی وزیراعظم کو دورے کی دعوت دی۔

اعلامیے کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر  نے روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔