LIVE

’کسی نے تحفظات ظاہر نہیں کیے‘، انگلش بورڈ کے دورہ ملتوی کرنے سے متعلق اہم انکشاف

ویب ڈیسک
September 24, 2021
 

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان ملتوی کیے جانے سے متعلق ایک اور اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ میں کرکٹرز کی یونین ٹیم انگلینڈ پلیئر پارٹنر شپ کے ایک عہدے دار نے انکشاف کیا کہ ’انگلینڈ کے کسی کرکٹر (مرد یا عورت) نے دورے کے حوالے سے اپنے خدشات ظاہر کیے اور نہ ہی ای سی بی کی جانب سے ان میں سے کسی سے پہلے کوئی مشورہ کیا گیا۔‘

عہدے دار نے بتایا کہ انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے نیوزی لینڈ کا دورہ ختم ہونے کے بعد کھلاڑیوں کو اندھیرے میں رکھا، دورہ کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کھلاڑیوں سے پوچھا تک نہیں گیا، ای سی بی نے اجلاس کے بعد کھلاڑیوں کو فیصلے کے بارے بتایا۔

عہدے دار کے مطابق ای سی بی نے دورے کو ملتوی کا فیصلہ کرنے سے قبل کسی بھی مرحلے پر انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو اعتماد میں نہیں لیا اور فیصلے سے کھلاڑیوں کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

یونین کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ اتوار کو اس حوالے سے اجلاس میں ای سی بی نے دورہ منسوخ کرنے کا یکطرفہ فیصلہ کرلیا، پلیئر یونین سے رائے بھی نہیں لی گئی۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اچانک میچ سے ایک گھنٹے قبل سکیورٹی وجوہات کی بنا پر دورہ پاکستان ختم کرکے واپس جانے کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد انگلینڈ نے بھی پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ای سی بی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی میچز 13 اور 14 اکتوبرکو کھیلے جانے تھے لیکن اس صورتحال میں خطے کا دورہ کرنا پلیئرز کےلیے آئیڈیل نہیں۔