LIVE

عمر شریف کی میت بدھ کو پہنچے گی، عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں قبر کی تیاری شروع

افضل ندیم ڈوگر
October 04, 2021
 

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکار عمر شریف کی میت بدھ کی صبح 5  بجکر 45 منٹ پر کراچی پہنچے گی۔ 

عمر شریف کی میت پاکستان لانے کے لیے ترک ائیر لائن کی پرواز پر بکنگ کرائی گئی ہے۔ میت جرمنی کے شہر میونخ سے فلائٹ نمبر ٹی کے 1634 پر روانہ کی جائے گی۔

پرواز  پاکستانی وقت کے مطابق منگل کی شام چھ بجکر 5 منٹ پر استنبول کے لیے روانہ ہوگی۔ استنبول سے ترک ائیر کی پرواز ٹی کے 708 کل رات 10:30 بجے کراچی کیلئے روانہ ہوگی۔

پرواز بدھ کی صبح 5 بجکر 45 منٹ پر کراچی ائیرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔ اداکار عمر شریف کی بیوہ زریں غزل علیحدہ پرواز سے وطن واپس آ رہی ہیں۔ جرمنی میں مرحوم اداکار کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔

وطن واپسی کے بعد عمر شریف کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں ان کی خواہش کے مطابق کی جائے گی۔

عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے پاس عمرشریف مرحوم کی قبرکی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ 

عمرشریف کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں شیخ لیاقت کمپاؤنڈ میں کی جائے گی۔