04 اکتوبر ، 2021
معروف پاکستانی ادارکارعمر شریف کی جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق نماز جنازہ کیلئے نیورمبرگ سٹی کی ترک مسجد میں مسلم کمیونٹی کا اجتماع منعقد کیا گیا۔
اداکار عمر شریف کی میت ترک مسجد پہنچائی گئی جس پر عمر شریف کی فراہم کردہ تصویر بھی رکھی گئی۔
فرینکفرٹ میں قونصل جنرل پاکستان زاہد حسین اور دیگر نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
پاکستانی قونصل جنرل زاہد حسین تین گھنٹے کی مسافت طے کرکے نیورمبرگ پہنچے۔ عمر شریف کے دنیا بھر سے مداحوں کی بڑی تعداد نماز جنازہ میں شریک ہوئی۔
کمیونٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی اور دیگر ممالک کے شہری بھی نماز جنازہ کیلئے موجود تھے۔
کمیونٹی ذرائع کے مطابق نیورمبرگ ساؤتھ اسپتال سے میت وصول کرنے کے بعد پاکستانیوں نے غسل و کفن کا انتظام کیا۔ پاکستانی شہری امجد علی نے عمر شریف کی میت کو غسل دیا اور پھر انہیں کفن پہنایا گیا۔
ذرائع کاکہنا ہےکہ عمر شریف کی میت کو ممکنہ طور پر منگل کے روز پاکستان لےجایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ڈیتھ سرٹیفکیٹ ملنےکے بعد عمرشریف کی میت کو کمرشل پرواز یا ائیر ایمبولینس کے ذریعے پاکستان منتقل کرنےکا فیصلہ ہوگا۔
محکمہ اوقاف سندھ نےعبداللہ شاہ غازی کے مزارکے احاطےمیں عمر شریف کی تدفین کی اجازت دیدی ہے۔
خیال رہےکہ عمر شریف ہفتہ دو اکتوبر کو جرمنی کے اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔
امریکا میں عمر شریف کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق جرمنی کے اسپتال میں ڈائیلیسز کے 4 گھنٹے بعد عمر شریف کی طبیعت اچانک بگڑی اور دل کا دورہ پڑا جس سے وہ انتقال کرگئے۔