LIVE

’وقفہ لے لیں‘، انسٹاگرام نے ایپ کے مسلسل استعمال سے روکنے کا فیچر تیار کرلیا

ویب ڈیسک
November 16, 2021
 

انسٹاگرام کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اُمید ہے کہ اس فیچر کو رواں سال دسمبر میں متعارف کروادیا جائے گا —فوٹو: فائل 

اگر آپ انسٹاگرام کا استعمال زیادہ دیر تک کرتے ہیں تو ہوشیار رہوجائیں، فیس بک ( میٹا) کی ملکیت والا فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم جلد ہی آپ سے اسکرین ٹائم سے وقفہ لینے کو کہے گا۔

انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے  ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'وہ ایک نئے فیچر پر کام کر رہے  ہیں جو صارفین کو  اسکرین ٹائم سے فوری وقفہ لینے میں مدد کرے گا جبکہ اس فیچر کا نام 'Take a Break' ہے'۔

تاہم یہ نیا فیچر خود سے فعال نہیں ہوگا بلکہ صارفین کو یہ خود طے کرنا ہوگا کہ وہ 10منٹ، 20 یا 30 منٹ بعد وقفہ لینا چاہتے ہیں اور پھر ایپ میں اسی حساب سے ریمائنڈر بھی آن کرنا ہوگا۔

صارفین طے شدہ وقت پر ریمائنڈر کی وجہ سے مسلسل انسٹاگرام استعمال کرنے سے  بچ سکیں گے۔

رپورٹس کے مطابق انسٹاگرام کی جانب سے 'Take a Break' فیچر کو متعارف کروانے کا مقصد صارفین کو اس ایپ کی لت سے بچانا ہے ۔

انسٹاگرام کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا ٹیسٹ کیا جارہا ہے  اُمید ہے کہ اسے  رواں سال دسمبر میں متعارف کروادیا جائے گا۔