LIVE

طالبان نے افغانستان کے معاشی اور انسانی بحران کے حقائق غلط بتائے: امریکی نمائندہ خصوصی

ویب ڈیسک
November 20, 2021
 

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کا کہنا ہے کہ طالبان نے افغانستان کے معاشی اور  انسانی بحران سے متعلق حقائق غلط بتائے۔

امریکی نمائندہ خصوصی تھامس ویسٹ کا کہنا ہے کہ طالبان نے کانگریس کو لکھے گئے خط میں غلط حقائق بتائے، افغانستان بدقسمتی سے اگست کے وسط سے پہلے ہی خوفناک انسانی بحران کا شکار تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگ، برسوں کی خشک سالی اور وبائی امراض نے افغانستان کی صورت حال کو مزید بدتربنا دیا ہے۔

تھامس ویسٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ طالبان جامع حکومت، دہشتگردی سے نمٹنے، خواتین اور اقلیتوں کے احترام جیسے اقدامات سے عالمی حمایت حاصل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے افغانستان کو رواں سال 474 ملین ڈالر بطور انسانی امداد فراہم کیے اور امریکا افغان عوام کی انسانی بنیادوں پر امداد جاری رکھے گا۔

امریکی نمائندہ خصوصی تھامس ویسٹ کا کہنا ہے کہ طالبان کے ساتھ سفارت کاری جاری رکھیں گے۔