LIVE

شہباز شریف کا چیف الیکشن کمشنر کو خط، ڈسکہ الیکشن سے متعلق کارروائی کا مطالبہ

ویب ڈیسک
November 26, 2021
 

قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈسکہ الیکشن چوری میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

شہباز شریف نے خط میں لکھا کہ پس پردہ رہ کر انتخابی دھاندلی کرانے والوں کو پکڑا جائے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے، تحقیقات کرکے وفاقی و صوبائی سطح پر ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

شہباز شریف نے خط میں لکھا کہ ڈسکہ الیکشن میں ملوث افسران اورعملے کے خلاف عدالت میں شکایات دائر کی جائیں، نشاندہی ہونے والے لوگوں کے خلاف سزا کا عمل شروع کیا جائے۔

قائد حزب اختلاف نے الیکشن کمیشن کو خط میں یہ بھی لکھا کہ ضلعی حکام کو مجرمانہ عزائم کے تحت ہدایات جاری کرنے والوں کو پکڑا جائے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے رولز ، ضابطہ اخلاق اور الیکشن ایکٹ میں ترامیم کی جائیں تاکہ آئندہ ڈسکہ الیکشن جیسی بے ضابطگیاں نہ ہوں۔