LIVE

کترینہ اور وکی کی شادی میں آنے والے مہمان خاص ’کوڈ‘ بتا کر ہی اندر جاسکیں گے

ویب ڈیسک
November 30, 2021
 

شادی میں کترینہ اور وکی نے انتہائی خاص مہمانوں کو دعوت دی ہے جن میں کچھ بالی وڈ شخصیات بھی شامل ہیں— فوٹو: فائل

بالی وڈ کی ایک اور اداکار جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشل بہت جلد رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کی شادی 7 سے 9 دسمبر کے دوران راجستھان کے قدیم قلعے میں انجام پائے گی۔

شادی میں کترینہ اور وکی نے انتہائی خاص مہمانوں کو دعوت دی ہے جن میں کچھ بالی وڈ شخصیات بھی شامل ہیں۔

تاہم اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں کی شادی میں آنے والے مہمانوں کو تب ہی انٹری ملے گی جب وہ ایک خاص کوڈ بتائیں گے۔

یہ کوڈ وکی اور کترینہ کی جانب سے ہر مہمان کو الاٹ کیا جائے گا۔ یہ ہی نہیں بلکہ مہمانوں کے لیے ہوٹل میں کمرے بھی ان کے اصل نام کے بجائے اسی کوڈ پر بک کیے جائیں گے۔

اطلاعات کے مطابق کترینہ اور وکی نے کوڈ کے اجرا کا فیصلہ شادی میں غیر متعلقہ افراد کی شرکت خاص طور پر میڈیا کو روکنے کیلئے کیا ہے تاکہ تقریب کو پرائیوٹ رکھا جاسکے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اداکارہ سونم کپور نے بھی اپنی شادی میں مہمانوں کو خاص کیو آر کوڈز جاری کیے تھے جنہیں دکھانے پر ہی انہیں تقریب کے مقام پر انٹری ملی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کترینہ اور وکی کوشل کی جانب سے مہمانوں کو کیا کوڈ جاری کیا جائے گا اس کے تفصیل تو سامنے نہیں آئی البتہ اس میں دونوں کے نام بھی شامل ہوں گے۔