LIVE

کورونا وبا میں صحت مند پھیپھڑے اور صحت مند زندگی کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد

خاور خان
December 03, 2021
 

پاکستان چیسٹ سوسائٹی سے وابستہ مختلف ماہر ین امراضِ سینہ کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کےد وران ماہرین صحت نے لوگوں کی زندگیاں بچانے کی بھر پور کوشش کی— فوٹو: فائل

پاکستان چیسٹ سوسائٹی سے وابستہ مختلف ماہر ین امراضِ سینہ کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کےد وران ماہرین صحت نے لوگوں کی زندگیاں بچانے کی بھر پور کوشش کی، ہر مرحلے پر ماہرین صحت سیکھتے اور سکھاتے رہے۔

پاکستان چیسٹ سوسائٹی کے تحت تین روزہ کانفرنس کا کراچی کے مقامی ہوٹل میں آغاز ہوگیا ہے جس کا موضوع کورونا وبا میں صحت مند پھیپھڑے اور صحت مند زندگی رکھا گیا ہے ۔

کانفرنس میں ملکی و غیرملکی ماہر امراض سینہ شرکت کررہے ہیں۔  پروفیسر نثار احمد راؤ، صدرپاکستان چیسٹ سوسائٹی نے بتایا کہ کانفرنس میں سینہ کے مختلف امراض سے متعلق سیشن رکھے گئے ہیں۔

کانفرنس میں امریکا ،برطانیہ، اٹلی اور دیگر ممالک کے ماہرین آن لائن شرکت کررہے ہیں جس میں نمونیہ ، سی او  پی ڈی ، دمہ، ٹی بی، الٹرا ساؤنڈ  آف چیسٹ سمیت مختلف بیماریوں پر بات چیت کی جارہی ہے۔

جنرل سیکرٹری پاکستان چیسٹ سوسائٹی ڈاکٹر نوشین احمد نے کہا کہ ہم ابھی بھی کو رونا کی وبا میں موجود ہیں، کو رونا ویکسین سے متعلق جو شکوک و شبہات ہیں ان کو  یہ کانفرنس حل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ابھی بھی سماجی فاصلہ اختیار کرنا ہے ، ماسک لگانا ہے، ایس او پیز  پر عمل کرنا ہے تاکہ ہم خود اور ہمارے پیارے محفوظ رہ سکیں۔

ڈاکٹر مرزا سیف اللہ بیگ نے کہا کہ پاکستان میں کو رونا وبا نے لوگوں کو زیادہ متاثر نہیں کیا ، نئی بیماری کے باعث ماہرین صحت نے لوگوں کی زندگیاں بچانے کی بھر پور کوشش کی ، ہر مرحلے پر ماہرین صحت سیکھتے اور سکھاتے رہے، ہمیں کورونا کی ملکی حالات کے تحت حکمت عملی بنانی ہو گی تاکہ کسی بھی نئی قسم کے آنے سے ہمارے شہری محفوظ رہیں۔