LIVE

ویڈیو: 'چُرا لیا ہے تم نے'، بیٹے کے بعد مریم کی بھی آواز کے چرچے

ویب ڈیسک
December 07, 2021
 

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تقریب میں پرفارم کرنے والے گلوکار آشا بھوسلے اور محمد رفیع کا شہرہ آفاق گانا 'چُرا لیا ہے تم نے جو دل کو' گا رہے ہیں__ فوٹو: اسکرین گریب

ن لیگ کی مرکزی نائب صدر  مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی کے سلسلے میں منعقد کی جانے والی تقریب میں مریم کے گانے کی ایک اور ویڈیو وائرل ہوگئی۔

گزشتہ روز مریم نواز کی آواز میں ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل تھی جس میں وہ گانا ’جب کوئی بات بگڑ جائے‘ گنگنا رہی تھیں۔ 

ویڈیو میں مریم نواز خود تو دکھائی نہیں دی تھیں تاہم ان کی آواز نے مداحوں کو کافی حیران کیا۔

اب ایک اور ویڈیو آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تقریب میں پرفارم کرنے والے گلوکار بھارتی گلوکارہ  آشا بھوسلے اور محمد رفیع کا شہرہ آفاق گانا 'چُرا لیا ہے تم نے جو دل کو' گا رہے ہیں۔

گلوکار پرفارمنس کے دوران اپنا مائیک مریم نواز کو تھماتے ہیں جس پر مریم گانے کا تسلسل توڑے بغیر اسے گانا شروع کرتی ہیں۔

اس سے قبل جنید صفدر نے اپنے نکاح کی تقریب میں 'کیا ہوا تیرا وعدہ' گنگنایا تھا جسے صارفین نے بے حد پسند کیا تھا اور ویڈیو کئی روز تک سوشل میڈیا پر وائرل رہی تھی۔

مریم نواز کی وائرل ویڈیو پر  صارفین اپنے تبصرے پیش کررہے ہیں، مداحوں نے جنید صفدر اور مریم نواز کی آوازوں کا موازنہ بھی کیا اور کہا کہ دونوں کی آوازیں سحر انگیز ہیں۔

واضح رہے کہ جنید صفدر کے  ولیمے کی تقریب 17 دسمبر کو لاہور میں ہوگی جب کہ بیٹے کے ولیمے کے باعث مریم نواز نے کچھ روز کیلئے سیاسی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔