LIVE

جنوبی پنجاب میں کھاد نایاب، کسان گھنٹوں قطار میں لگنے پر مجبور

ویب ڈیسک
December 10, 2021
 

کھاد کی بلیک مارکیٹنگ بھی عروج پر پہنچ گئی،کسان گندم کی فصل لگانے کی خاطر کھاد لینے کے لیے لمبی قطاروں میں لگنے پر مجبور ہیں— فوٹو: فائل

جنوبی پنجاب میں کسان کھاد کیلئے پریشان، رحیم یار خان، چونیاں، صادق آباد، لیاقت پور اور خان پور  میں کھاد نایاب  ہوگئی۔

کھاد کی بلیک مارکیٹنگ بھی عروج پر پہنچ گئی،کسان گندم کی فصل لگانے کی خاطر کھاد لینے کے لیے لمبی قطاروں میں لگنے پر مجبور ہیں۔

کسانوں کا کہنا ہے کہ علی الصباح کھاد کے حصول کے لیے قطار لگاتے ہیں، طویل انتظار کے بعد یا تو ان کی باری ہی نہیں آتی، اگر باری آ بھی جائےتو  10 کے بجائے صرف 2 بوری کھاد ملتی ہے۔ 

کھادوں کو بلیک کرکے زائد قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے ، یوریا 500 روپے فی بیگ اضافے کے ساتھ دوہزار 300 میں فروخت کی جارہی ہے۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انتظامیہ چھاپے مار  رہی ہے۔

ادھر راجن پور ضلع بھر میں بھی کھاد کی عدم دستیابی اور  بلیک مارکٹینگ جاری ہے،  سرکاری ریٹ پر کھاد لینے کے لیے کسانوں کی لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں، کسانوں کے مطابق سرکاری ریٹ پر صرف دو بوری ملتی ہے جو ہماری ضرورت پوری نہیں کرتی۔