LIVE

کے پی بلدیاتی الیکشن: عمران خان کی پارٹی فضل الرحمان کی جمعیت علمائے اسلام سے ہار گئی

ویب ڈیسک
December 20, 2021
 

خیبر پختونخوا (کے پی) کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو میئرز کے انتخابات میں اپ سیٹ شکست کا سامنا ہے جبکہ چیئرمین تحصیل کونسلز کے انتخابات میں بھی جمعیت علمائے اسلام سب سے آگے ہے۔

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 19 دسمبر کو صوبے کے 17 اضلاع کی 61 تحصیل کونسلز (چیئرمین) کی نشستوں میں سے 60 اور 5 سٹی کونسلز (میئرز) کی نشستوں میں سے 4 پر پولنگ ہوئی جن کے نتائج آخری مراحل میں ہیں۔

میئرز کے انتخابات کے نتائج

کے پی بلدیاتی الیکشن میں 5 سٹی میئرز کے لیے انتخابات ہونے تھے تاہم سٹی کونسل ڈیرہ اسماعیل خان میں عوامی نیشنل پارٹی کے میئر کے امیدوار کو قتل کیے جانے کی وجہ سے ادھر پولنگ ملتوی کردی گئی تھی اور 4 سٹی کونسلز مردان، پشاور، کوہاٹ اور بنوں میں سٹی میئر کیلئے پولنگ ہوئی۔

پشاور، مردان، بنوں اور کوہاٹ میں میئر کیلئے پی ٹی آئی کا کوئی امیدوارکامیاب نہ ہوسکا۔

مردان

مردان میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے حمایت اللہ مایار 56 ہزار 458 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے— فوٹو: سوشل میڈیا

 تازہ ترین غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مطابق مردان میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے حمایت اللہ مایار 56 ہزار 458 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ جمیعت علمائے اسلام کے امانت شاہ حقانی 49 ہزار 938 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

کوہاٹ

کوہاٹ میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے شیر زمان بھی 34 ہزار 434 ووٹ لے کر میئر کا انتخاب جیت گئے— فوٹو: سوشل میڈیا

 کوہاٹ میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے شیر زمان بھی 34 ہزار 434 ووٹ لے کر میئر کا انتخاب جیت گئے، آزاد امیدوار سیف اللہ جان 25 ہزار 793 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پشاور

جمعیت علمائے اسلام کے زبیر علی 62388 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے— فوٹو: سوشل میڈیا

پشاور میں سٹی میئر کا میدان بھی جمعیت علمائے اسلام نے مار لیا۔ جمعیت علمائے اسلام کے زبیر علی 62388 ووٹ لے کر ناقابل شسکت برتری حاصل کرلی۔

پشاورسٹی کونسل کے میئر کے لیے 521 میں سے 515 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری نتیجہ جاری کردیا گیا ہے چھ پولنگ اسٹیشنز کے نتائج روک دیے گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے محمد رضوان بنگش 50659 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

بنوں

بنوں میئر کیلئے جے یو آئی کے امیدوار عرفان اللہ درانی 27 ہزار 500 ووٹ لے کر آگے ہیں— فوٹو: سوشل میڈیا

بنوں میئر کیلئے جے یو آئی کے امیدوار عرفان اللہ درانی 59 ہزار 844 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ پی ٹی آئی کے اقبال جدون خان 47 ہزار 398 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

تحصیل کونسلز کے نتائج

چیئرمین تحصیل کونسل کی جس ایک نشست پر پولنگ نہیں ہوئی وہ بنوں کی تحصیل بکا خیل ہے جہاں پولنگ اسٹیشن میں ہنگامہ آرائی کے بعد پولنگ ملتوی کردی گئی تھی۔

اب تک 60 تحصیل کونسلز میں سے 41 کے نتائج سامنے آچکے ہیں جن میں سے 14 نشستیں جے یو آئی، 10 نشستیں پی ٹی آئی، 7 نشستیں آزاد امیدوار، اے این پی نے 5، ن لیگ نے 3 اور جماعت اسلامی نے 2 نشستیں اپنے نام کی ہیں۔

تحصیل کونسلز کے ضلع کے لحاظ سے نتائج یہاں دیکھیں