LIVE

آئی فون 14 سیریز کے ماڈلز میں روایتی سم کارڈز کو ختم کیے جانے کا امکان

ویب ڈیسک
December 28, 2021
 

امکان ہے کہ ایپل کے آئی فون 14 کے نئے ماڈلز میں فزیکل سم کا آپشن ختم کردیا جائے گا۔ —فوٹو: فائل 

امریکا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اپنے نئے آئی فون ماڈلز کو فزیکل (روایتی) سم کارڈ سلاٹ کے بغیر متعارف کرانے کی تیاری کررہی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق امکان ہے کہ ستمبر 2022 میں متعارف ہونے والے ایپل کی آئی فون 14 سیریز میں فزیکل سم کارڈکا سلاٹ ختم کردیا جائے گا اور وہ موبائل فونز صرف ای سم (eSIM)کو سپورٹ کریں گے۔

اس سے قبل ایپل کمپنی ستمبر 2018 سے  اپنے ماڈل آئی فون(  XS) کے متعارف کرائے جانے کے بعد اپنے تمام ماڈلز میں ای سم سپورٹ کا آپشن فرا ہم کررہی تھی لیکن اس کے ساتھ ساتھ صارفین  فزیکل نینو سم کارڈ(Nano SIM card) کا آپشن بھی استعمال کررہے تھے۔

آئی فون 14 میں جب نینو سم کا آپشن ختم کردیا جائے گا تو صارفین eSIM کے ذریعے ایک سے زائد نیٹ ورک کا استعمال کرسکیں گے۔ —فوٹو: فائل 

رپورٹس کے مطابق ایپل کمپنی امریکا میں ستمبر 22 تک صرف eSIM والے اسمارٹ فونز تیار کرنے کی سفارش کر چکی ہے جس  پر عمل درآمد کرتے ہوئے امکان ہے کہ کمپنی 2022 کی دوسری سہ ماہی  میں آئی فون 13 کے کچھ ماڈلز میں بھی نینو سم کارڈ کا آپشن ختم کردے گی ۔

واضح رہے کہ موجودہ صارفین  آئی فون سیریز کے ماڈلز میں ڈوئل سم ( ایک سے زائد)نیٹ ورک استعمال کرنے کیلئے فزیکل نینو سم کارڈکا استعمال کرتے ہیں۔

اس کا مطلب ہے کہ آئی فون 14 میں جب نینو سم کا آپشن ختم کردیا جائے گا تو صارفین  eSIM کے ذریعے ایک سے زائد نیٹ ورک کا استعمال کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ eSIM ایک جدید سم ٹیکنالوجی ہے جو آپ کے فون میں داخل (embedded)کی گئی ہے تا کہ آپ کے موبائل نمبر کو بغیر کسی فزیکل سم ڈالے ایکٹیویٹ کیا جا سکے۔

رپورٹس یہ بھی ہے کہ نینو سم کارڈ کے آپشن کے خاتمے کے ساتھ ساتھ کمپنی موبائل فونز کے ماڈل کو بہتر کرنے کے بارے میں  بھی سوچ رہی ہے۔