LIVE

ویکسین نہ لگوانے والوں کیلئے غیر اخلاقی لفظ کا استعمال، فرانسیسی صدر تنقید کی زد میں

ویب ڈیسک
January 05, 2022
 

مقامی اخبار کو انٹرویو میں فرانسیسی صدر نے فرینچ زبان میں ایک لفظ استعمال کیا جسے مقامی سطح پر سخت اور غیر اخلاقی سمجھا جاتا ہے— فوٹو:فائل 

فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون انٹرویو میں غیرویکسین شدہ افراد کیلئے غیراخلاقی لفظ استعمال کرنے پر تنقید کی زد میں آگئے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی صدر نے مقامی اخبار کو انٹرویو میں کہا کہ جن لوگوں نے ویکسین نہیں لگوائی، ان کیلئے زندگی مشکل بنا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ میں غیرویکسین شدہ افراد سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ ریسٹورنٹ، کافی شاپ، تھیٹر اور نہیں جاسکیں گے اور یہ حکمت عملی ہم آخر تک اپناتے رہیں گے۔

اس دوران فرانسیسی صدر نے فرینچ زبان میں ایک لفظ استعمال کیا جسے مقامی سطح پر غیر اخلاقی سمجھا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ فرانسیسی حکومت غیر ویکسین شدہ افراد پر 15 جنوری سے پابندیاں لگانے پر غور کررہی ہے اور یہ معاملہ تاحال پارلیمنٹ میں زیر بحث ہے۔

دوسری جانب فرانسیسی صدر کے بیان پر اپوزیشن نے سخت تنقید کی ہے۔ 

واضح رہے کہ فرانس میں ایک بار پھر کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوگیا ہے اور گزشتہ روز 2 لاکھ 71 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ ایک دن میں اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔