LIVE

حکومت پر تنقیدکرنے پر پی ٹی آئی کا نور عالم خان کو شوکاز جاری کرنےکا فیصلہ

ایاز اکبر یوسف زئی
January 17, 2022
 

حکومت پر تنقید کرنے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کو شوکاز جاری کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نور عالم خان کو پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدرپرویز خٹک شوکاز جاری کریں گے۔

خیال رہےکہ نور عالم خان نے جیو نیوز کے پروگرام 'جرگہ' اور اسمبلی فلور پر سینیئر قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، اس کے علاوہ انہوں نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی حکومتی پالیسیوں پر سخت تنقید کی تھی۔

شوکاز جاری ہونےکے معاملے پر نور عالم خان نے جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئےکہا کہ پرویزخٹک مجھےکس حیثیت میں شوکاز جاری کریں گے، پرویز خٹک پارٹی کے چیئرمین نہیں ہیں، میں نے پارٹی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی نہیں کی ،بتایا جائے میں نے کہاں پارٹی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی۔

نور عالم خان کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بیروزگاری پربات کرناخلاف ورزی ہےتو میں نےکی ہے اورکرتا رہوں گا، پھر مجھے ایک نہیں سو بار شوکاز  جاری کیے جائیں، مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں منتخب نمائندہ ہوں،عوام کے مسائل کو اجاگر کرنا میری ذمہ داری ہے، میں یہ ذمہ داری ادا کرتا رہوں گا۔