LIVE

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں خواتین پر پولیس اہلکاروں کے تشدد کا نوٹس لے لیا

ویب ڈیسک
January 18, 2022
 

کوئٹہ کے مشن روڈ پر پولیس اہلکاروں کی جانب سے خواتین پر تشدد کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی اس ویڈیو میں قائد آباد پولیس تھانے کے اہلکاروں کی جانب سے خواتین پر تشدد کرکے انہیں پولیس موبائل میں ڈالتے دیکھا جا سکتا ہے ۔

جیو کے رابطے پر قائد آباد پولیس تھانے کے حکام کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں نظر آنے والی لڑکی زینب مبینہ طور پرگھر سے بھاگی تھی اور اپنی دو سہیلیوں کے ساتھ رہ رہی تھی۔

پولیس کے مطابق لڑکی کے والد غلام حسین کی جانب سے قائد آباد تھانے میں رپورٹ درج کرائی گئی تھی جبکہ لڑکی کے رشتہ داروں کی جانب سے مشن روڈ پر ان کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی،کارروائی کے دوران لڑکیاں ہاتھا پائی کررہی تھیں ۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ پولیس کی جانب سے خواتین پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس کو واقعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ کے نوٹس لینے پر ایس ایس پی کوئٹہ نے قائد آباد تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ او نوید مختار کو معطل کردیا۔