LIVE

وزیراعلیٰ سندھ کا ایم کیو ایم رہنما امین الحق کو فون، کراچی واقعے پر افسوس کا اظہار

ویب ڈیسک
January 27, 2022
 

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر امین الحق کو فون کر کے گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سے کہنا تھا کہ اس قسم کے واقعات کسی صورت نہیں ہونے چاہئیں، سیاسی اختلافات بات چیت اور سیاسی طریقے سے حل کیے جائیں۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ اس واقعے کو لسانیت کا رنگ نہیں دیا جائے گا، دونوں جانب سے لسانیت کے حوالے سے بیانات کی مذمت بھی کی گئی۔

مراد علی شاہ نے ایم کیو ایم رہنما کو یقین دہانی کروائی کہ پوسٹ مارٹم کرنے سے موت کا جو بھی سبب ہوگا وہ سامنے آ جائے گا۔

وفاقی وزیر امین الحق نے ٹنڈوالہیار واقعے پر حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں رہنماؤں میں آئندہ اس قسم کی صورت حال پیدا نہ کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میں اس واقعے کی انکوائری کراؤں گا، انکوائری میں جو بھی ملوث ہوا اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے امین الحق کو نئے بلدیاتی قانون پر بات چیت کی پیشکش بھی کی، جس پر امین الحق نے کہا کہ پارٹی سے مشاورت کر کے جواب دیں گے۔

مراد علی شاہ نے ایم کیو ایم پاکستان کے زخمی ہونے والے ایم پی اے صداقت حسین کو بھی فون کیا اور ان سے طبیعت کے بارے میں دریافت کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس کی طرف جانے پر پولیس کی جانب سے ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا گیا اور شیلنگ کی گئی جس میں مبینہ طور پر ایم کیو ایم کا ایک کارکن محمد اسلم جاں بحق ہو گیا جب کہ ایم پی اے صداقت حسین سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔