LIVE

غریب کی دعاؤں سے اللہ کی برکت آتی ہے: وزیراعظم

ویب ڈیسک
January 27, 2022
 

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جب غریب کو طاقتور کے مقابلے میں انصاف ملتا ہے تو وہ دعائیں دیتا ہے اور غریب کی دعاؤں سے اللہ کی برکت آتی ہے۔

کرمنل جسٹس سسٹم میں ریفارمز سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ قانون کی حکمرانی کے بغیر ملک ترقی کر سکتا ہے تو وہ خوابوں کی دنیا میں رہتا ہے، کرمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات قانون کی حکمرانی کی جانب ایک قدم ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اوور سیز پاکستانی ہیں، 90 لاکھ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی آمدنی 22 کروڑ پاکستانیوں کے برابرہے لیکن اوور سیز پاکستانی پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں کرتے کیونکہ انہیں قانون کی حکمرانی پر اعتماد نہیں ہے، اوور سیز پاکستانیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری شروع کر دی تو ہمیں کہیں ہاتھ نہیں پھیلانا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ لیگل سسٹم ٹھیک نہ ہونے سے قانون کی حکمرانی ممکن نہیں، عام آدمی جیلوں میں بھر ے ہوئے ہیں، جیلوں میں غریب لوگوں کی خوفناک کہانیاں ہیں، عام آدمی کا جرم اس کی غربت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار کرمنل سسٹم میں اصلاحات کی ہیں، وکلا اور عدلیہ سے عمل درآمد کی درخواست کرتاہوں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشرے میں جب تک انصاف نہیں ہو گا خوشحالی نہیں آئے گی، جیسے جیسے چھوٹے لوگوں کو تحفظ دیں گے اللہ کی برکتیں آئیں گی، غریب آدمی کو طاقتور کے خلاف انصاف ملتا ہے تو غریب دعائیں دیتا ہے، غریب کی دعاؤں سے اللہ کی برکت آتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کرکٹ میں نیوٹرل امپائر کے لیے بہت جدوجہد کی، تنقید بھی ہوئی لیکن کامیاب ہوئے، ہم الیکشن میں بھی ٹیکنالوجی لانے کی کوشش کر رہے ہیں، سسٹم میں ٹیکنالوجی کا سب سے زیادہ فائدہ عام آدمی کو ہو گا۔