LIVE

سر میں کیل ٹھوکنے کا معاملہ، متاثرہ خاتون کے پڑوسی نے الگ کہانی بتا دی

رضوان یوسفزئی,ویب ڈیسک
February 12, 2022
 

پشاور میں سر میں کیل والی خاتون باز گلہ کے پڑوسی نے الگ ہی کہانی بتا دی۔

پشاور میں سر میں کیل ٹھوکنے سے متاثر ہونے والی خاتون نے بیٹے کی خواہش اور جعلی عامل سے متعلق دونوں باتوں کو مسترد کردیا تھا۔

متاثرہ خاتون کا کہنا تھاکہ اس کے دو بیٹے پہلے ہی ہیں، اسپتال لاتے وقت بے ہوش تھی اور ڈاکٹر سے کوئی بات نہیں کی، ڈاکٹر جھوٹ بول رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھ پر جنات آتے ہیں، کمرے سے کیل نکال رہی تھی تو بے ہوش ہوگئی، جب آنکھ کھلی تو اسپتال میں تھی اور کیل میرے سر میں تھی۔

تاہم اب خاتون کے پڑوسیوں نے الگ ہی کہانی بتا دی ہے۔ پڑوسی کے مطابق خاتون اپنے گھر کی چھت سے گری تھی، متاثرہ خاتون کا تعلق غریب گھرانے سے ہے۔

واضح رہے کہ پشاور میں خاتون کے سر میں کیل ٹھوکنے کا واقعہ 8 فروری کوسامنے آیا تھا، خاتون کا لیڈی ریڈنگ اسپتال میں آپریشن کرکے کیل کو نکالا گیا تھا۔

اس واقعے میں پہلے یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ اولاد نرینہ کی خواہش پر عامل کے کہنے پر خاتون کے سر میں کیل ٹھوک دی گئی تھی لیکن بعد میں خاتون نے کہا کہ گھر میں کام کاج کے دوران جنات کی آمد ہوئی، مجھے جنات کے اثرات کی شکایت ہے، کمرے کے سامنےگری تو میرے سر میں کیل لگی اور زخمی ہوگئی۔