LIVE

نویں کے طالبعلم کے اسکول کی چھت سے چھلانگ لگانے کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی

ام فروا
February 12, 2022
 

محکمہ تعلیم پنجاب نےلاہور میں نویں جماعت کے طالب علم کے نجی اسکول کی چھت سے چھلانگ لگانے کے واقعے پر اسکول مالک کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا— فوٹو: فائل

محکمہ تعلیم پنجاب نےلاہور میں نویں جماعت کے طالب علم کے نجی اسکول کی چھت سے چھلانگ لگانے کے واقعے پر اسکول مالک کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں اسکول سیل کرنے، رجسٹریشن کے خاتمے اور اسکول مالک کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی سفارشات کی ہیں۔

سی ای او ایجوکیشن لاہور  پرویز اختر کی جانب سے قائم کردہ انکوائری کمیٹی نےنجی اسکول کی چھت سے نویں جماعت کے طالبعلم عبداللہ کےچھلانگ لگانے کے واقعے کی انکوائری رپورٹ جمع کرا دی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 2 روز پہلےٹاؤن شپ میں واقع ایک نجی اسکول میں نویں جماعت کے طالبعلم عبد اللہ اور دسویں جماعت کے طالب علم حافظ سیف کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔

اسکول انتظامیہ نے سزا کے طور پر عبداللہ کو کلاس روم کے باہر کھڑا کر دیا جس پر دلبرادشتہ ہوکر عبد اللہ نےاسکول کی دوسری منزل سے چھلانگ لگا دی۔

رپورٹ کے مطابق عبداللہ کے سر ، ٹانگ اور ریڑھ کی ہڈی پر شدید چوٹیں آئیں جس پر اسے مقامی نجی اسپتال میں داخل کرا دیا گیا جہاں اس کی ریڑھ کی ہڈی کا آپریشن کیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم پنجاب نے اسکول مالک کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 16فروری کو پیش ہونے کا حکم دےدیا ہے۔