LIVE

روس سے جنگ میں شدت آنے کا خدشہ، یوکرین نے یورپی یونین میں شمولیت کی باضابطہ درخواست کردی

ویب ڈیسک
March 01, 2022
 

روس سے جنگ میں شدت آنے کے خدشے کے باعث یوکرین نے یورپی یونین میں شمولیت کی باضابطہ درخواست کردی —فوٹو: رائٹرز

روس سے جنگ میں شدت آنے کے خدشے کے باعث یوکرین نے یورپی یونین میں شمولیت کی باضابطہ درخواست کردی۔

برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے پیر کو کہا کہ انہوں نے  یورپی یونین میں شامل ہونے کی سرکاری درخواست پر دستخط کر دیے ہیں۔

دیمیر زیلنسکی نے پیر کو کہا کہ انہوں نے یوکرین کے یورپی یونین میں شامل ہونے کی سرکاری درخواست پر دستخط کر دیے ہیں۔ —فوٹو: رائٹرز

ادھر  یورپی یونین کے ایک سینیئر ترجمان کا کہنا ہے کہ مارچ میں ہونے والی غیر رسمی سربراہی اجلاس میں یورپی یونین کے رہنما  یوکرین کی رکنیت کے امکان پر تبادلہ خیال کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ روس کے ساتھ تنازع کے خاتمے پر بات چیت میں یوکرین کے لیے اہم ہے۔

تاہم یورپی یونین کے ترجمان نے کہا کہ یوکرین کے یورپی بلاک میں شامل ہونے کے حوالے سے اب تک کوئی عمل شروع نہیں ہوا۔

اس کے علاوہ یورپی یونین کے اعلیٰ سفارت کار جوزف بوریل کا کہنا تھا کہ فوری ترجیح یوکرین کو روس کے حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے عملی مدد فراہم کرنا تھی، بجائے اس کے کہ طویل المدتی مسائل پر بات کی جائے جس میں برسوں لگ سکتے ہیں۔

جب صحافیوں نے یوکرین کی یورپی یونین میں شمولیت کے حوالے سے ان سے سوال کیا تو جوزف نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں آنے والے گھنٹوں کا جواب دینا ہے، آنے والے سالوں کا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یوکرین واضح طور پر ایک یورپی نقطہ نظر رکھتا ہے لیکن ابھی ہمیں ایک جارحیت کے خلاف لڑنا ہے۔