LIVE

’اسد مجید نے قومی سلامتی کمیٹی کے سامنے اعتراف کیا کہ انہوں نے ایسا کوئی خط نہیں لکھا‘

ویب ڈیسک
April 24, 2022
 

اسد مجید خان نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ ان کے خط کے الفاظ کو تبدیل کیا گیا: رانا ثناء اللہ۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا کہ امریکا میں سابق پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے قومی سلامتی کمیٹی میں سب کے سامنے اعتراف کیا کہ انہوں نے کوئی ایسا لیٹر نہیں لکھا اور نہ ہی یہ ان کے لیٹر کے الفاظ ہیں۔

فیصل آباد میں تقریب سے خطاب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اسد مجید خان نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ ان کے خط کے الفاظ کو تبدیل کیا گیا۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ اسد مجید نے کہا خط میں سازش اور عدم اعتماد کا کوئی ذکر نہیں تھا، خط کو شاہ محمود قریشی نے اپنی نگرانی میں تبدیل کیا۔

یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا تھا جس میں امریکا میں سابق پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے مبینہ دھمکی آمیز مراسلے سے متعلق بریفنگ دی تھی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا عمران خان کے مخالفین چور یا ڈاکو تھے تو 4 سال میں جرم ثابت کرتے، یہ جو جلسے کر رہا ہے، وقت پڑنے پر اس کا علاج ہو گا، اور اگر اسلام آباد کی طرف آئے تو میں ان کا استقبال کروں گا۔