LIVE

کراچی میں اورنج لائن بس سروس ایک ماہ میں آپریشنل کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک
May 06, 2022
 

شرجیل انعام میمن نے سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو اورنج لائن بس منصوبہ آپریشنل کرنے کے لیے ایک ماہ کا ٹارگٹ دے دیا۔—فوٹو: فائل

وزیر اطلاعات سندھ،ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو اورنج لائن بس منصوبہ آپریشنل کرنے کے لیے ایک ماہ کا ٹارگٹ دے دیا۔

شرجیل میمن کی زیر صدارت سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ سندھ کو ایس آئی ڈی سی ایل سے اجلاس کر کے اورنج لائن منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کردی۔ 

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے وہ خود بات کریں گے  تاکہ منصوبہ مکمل کیا جاسکے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ اورنج لائن کو ایک ماہ کے اندر آپریشنل کرنا ہے، تاکہ اورنگی ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں کے شہریوں کو محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔ 

اجلاس میں صوبائی وزیر کو ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مینڈیٹ اور ماس ٹرانزٹ کے پروجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس کے علاوہ شرجیل میمن کو کراچی سرکلر ریلوے، بلو لائن، برائون لائن اور شہر کے بی آر ٹیز پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گرین لائن فیز ون نمائش تک آپریشنل ہے، ییلو ، اورنج ، ریڈ لائنز امپلیمنٹیشن فیز میں ہیں جبکہ گرین لائن وفاقی حکومت کا پروجیکٹ ہے ، آپریشنل ہونے کے تین سال بعد سندھ حکومت کے حوالے کر دیا جائے گا۔

 بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اورنگی ٹاؤن سے بورڈ آفس تک اورنج لائن کے منصوبے کا 98 فی صد سول ورک مکمل ہے جوکہ مکمل طور پر سندھ حکومت کا پروجیکٹ ہے اور وفاقی حکومت کے ادارے ایس آئی ڈی سی ایل کے تحت تعمیر کیا جا رہا ہے۔ 

اس کے علاوہ اورنج لائن کی 20 بسوں کی خریداری کے لیے سندھ حکومت نے ایس آئی ڈی سی ایل کو رقم کی ادائیگی کر دی ہے۔