LIVE

ایلون مسک کا ٹوئٹر کی خریداری عارضی طور پر روکنے کا اعلان

ویب ڈیسک
May 13, 2022
 

ایلون مسک نے یہ اعلان ایک ٹوئٹ میں کیا / رائٹرز فوٹو

ایلون مسک نے 44 ارب ڈالرز میں ٹوئٹر انکارپوریشن کی خریداری کے منصوبے پر عملدرآمد عارضی طور پر روکنے کا اعلان کیا ہے۔

ایلون مسک کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں اس تعطل کی وجہ سوشل میڈیا نیٹ ورک میں جعلی اکاؤنٹس کے حوالے سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ بتائی ہے۔

ٹوئٹر کے مجموعی صارفین کی تعداد 22 کروڑ 90 لاکھ ہے اور کمپنی کی جانب سے مئی کے آغاز میں تخمینہ لگایا گیا تھا کہ اس کے 5 فیصد سے کچھ کم اکاؤنٹس جعلی یا اسپام ہیں۔

یہ رپورٹ مئی کے آغاز میں خبررساں ادارے رائٹرز نے جاری کی تھی اور اس کا لنک ہی ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹ میں شیئر کیا گیا۔

ایلون مسک نے کچھ عرصے قبل کہا تھا کہ ان کی ایک بڑی ترجیح ٹوئٹر سے اسپام بوٹس کو ہٹانا ہے۔

اب انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ اس بات کی تصدیق ہونی چاہیے کہ واقعی ٹوئٹر میں جعلی اور اسپام اکاؤنٹس کی تعداد مجموعی تعداد کے 5 فیصد سے کم ہے۔

یہ ابھی واضح نہیں کہ ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو خریدنے کے عمل کو روکنے کے لیے باضابطہ اقدامات بھی کیے گئے ہیں یا نہیں، جسے انہوں نے اپریل 2022 کے آخر میں 44 ارب ڈالرز میں خریدنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

ٹوئٹر کی یہ قیمت اس وقت کمپنی کے حصص کی قیمتوں کی بنیاد پر طے ہوئی تھی، مگر حالیہ ہفتوں میں یہ قدر گھٹ کر 35 ارب ڈالرز رہ گئی ہے۔

درحقیقت ایلون مسک کی جانب سے خریدنے کے منصوبے پر کام نہ کرنے کے ٹوئٹ کے بعد ٹوئٹر کے حصص کی قیمت میں 18 فیصد کمی آئی۔

ویسے اس طرح کی کسی بڑی کمپنی کی فروخت کو عموماً کئی ماہ یا برس بھی لگ جاتے ہیں جبکہ ایلون مسک کی جانب سے خریدنے کے بعد اس پلیٹ فارم میں کافی تبدیلیاں بھی آئی ہے۔

12 مئی 2022 کو ٹوئٹر کے 2 عہدیداران کو کمپنی سے باہر کردیا گیا جبکہ نئی بھرتیوں کو بھی روک دیا گیا۔