LIVE

جنوبی افریقی شخص نے خاتون کے والد کی آخری رسومات کے دوران اسے شادی کی پیشکش کردی

ویب ڈیسک
May 17, 2022
 

جنوبی افریقی شخص نے حال ہی میں خاتون کے والد کی آخری رسومات کے دوران اسے شادی کی پیشکش کی۔—فوٹو: اسکرین گریب

جنوبی افریقی شخص نے حال ہی میں خاتون کے والد کی آخری رسومات کے دوران اسے شادی کی پیشکش کرکے سب کو حیرت میں ڈال دیا۔

کسی کو شادی کی پیشکش کرنے کے لیے اکثر وقت اور مقام کو دیکھا جاتا ہے لیکن اگر کوئی مرے ہوئے والد کی آخری رسومات میں اس کی بیٹی کو شادی کی پیشکش کردے تو یہ تھوڑی  نامناسب سی بات ہے۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں  ایک جنوبی افریقی شخص کو تاریخ کی سب سے عجیب  شادی کی  پیشکش کرنے سے کوئی نہیں روک پایا۔

اطلاعات کے مطابق جنوبی افریقی شہری نے اپنی غمزدہ گرل فرینڈ کا ہاتھ اس کے والد کی آخری رسومات کے موقع پر ہی مانگ لیا۔

یہ چونکا دینے والے منظر کو آخری رسومات ادا کرنے والے ایک اور شخص نے ریکارڈ کرلیا اور  بعد میں اسے  ٹک ٹاک پر پوسٹ کیا، جہاں یہ ویڈیو فوری طور پر وائرل ہو گئی جس نے مقبول ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم کے صارفین کے درمیان ایک گرما گرم بحث چھیڑ دی۔

جنوبی افریقی صوبے لمپوپو میں  آخری رسومات کے موقع پر ٹک ٹاک صارف  کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا کہ ایک شخص اپنے گھٹنوں کے بل غمزدہ خاتون کے سامنے  بیٹھا ہوا ہےاور ایک موقع پر وہ انگوٹھی نکال کر اسے شادی کی پیشکش کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق خاتون والد کی آخری رسومات میں آئے بوائے فرینڈ کی جانب سے شادی کی پیشکش سے حیران ہوگئی تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کے اس نے یہ  پیشکش قبول کی یا نہیں۔