LIVE

پی سی بی نے سابق کھلاڑیوں کی پنشن میں ایک لاکھ روپے فی کس اضافہ کردیا

سہیل عمران
May 19, 2022
 

مہنگائی کی شرح کے مطابق ریٹائرڈ کھلاڑیوں کی پنشن میں بھی سالانہ اضافہ کیا جائے گا ، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ریٹائرڈ کھلاڑیوں کی پنشن میں اضافے کا اعلان کردیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے تمام سابق کھلاڑیوں کی پنشن میں فی کس ایک لاکھ روپے اضافے کا اعلان کردیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹرز کی عزت ہی  پی سی بی کی عزت ہے۔

پی سی بی کے مطابق پہلی کیٹیگری میں شامل ریٹائرڈ کھلاڑیوں کی پنشن اب 54 ہزار روپے سے بڑھ کر ایک لاکھ 54 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

دوسری کیٹیگری میں شامل ریٹائرڈ کھلاڑیوں کی پنشن اب 48 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 48 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

تیسری کیٹیگری میں شامل ریٹائرڈ کھلاڑیوں کی پنشن اب 42 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 42 ہزار روپے ہوگئی۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ ریٹائرڈ کرکٹر کی وفات کی صورت میں ان کی پنشن اہلیہ وصول کرسکتی ہیں، مہنگائی کی شرح کے مطابق ریٹائرڈ کھلاڑیوں کی پنشن میں بھی سالانہ اضافہ کیا جائے گا، سابق کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے  پی سی بی کا بینوولنٹ فنڈ پہلے ہی موجود ہے، ریٹائرڈ کرکٹرز چاہیں تو اس فنڈ سے بھی مستفید ہوسکتے ہیں۔