LIVE

51 سالہ برطانوی شہری نے 36 گھنٹے جھولا جھول کر ورلڈ ریکارڈ بنادیا

ویب ڈیسک
May 19, 2022
 

برطانوی شہری رچرڈ اسکاٹ  نے 36 گھنٹے جھولا جھول کر گنیز ورلڈ ریکارڈز کی بک میں اپنا نام درج کروالیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے علاقے کنروس سے تعلق رکھنے والے 51 سالہ شہری  رچرڈ اسکاٹ نے ہفتے کی صبح 6 بج کر 10 منٹ پرایک میدان میں جھولنا شروع کیا اور اتوار کی شام  کو ختم کیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز حکام کے مطابق اس دوران رچرڈ کو ہر گھنٹے بعد 5 منٹ کا وقفہ لینے کی اجازت تھی تاہم انہوں نے یہ وقفے ہر گھنٹے بعد نہیں بلکہ صبح 3 بجے  مختصر نیند کرنے کیلئے استعمال کیے۔

رپورٹس کے مطابق اسکاٹ نے  امریکی شہری کوئن لیوی کا 34 گھنٹے  جھولا جھولنے کا ریکارڈ توڑا جو انہوں نے اکتوبر 2020 میں بنایا تھا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کے بعد رچرڈ اسکاٹ کا کہنا تھا کہ' میری ٹانگوں کے اوپری حصے میں ہلکی سی تکلیف ہے لیکن اس کے علاوہ میں بالکل ٹھیک ہوں۔ یہ ایک اچھا تجربہ رہا، میں کافی خوش ہوں'۔

روٹری کلب آف کنروس اینڈ ڈسٹرکٹ، جہاں اسکاٹ ایک رکن ہے نے فیس بک پر ریکارڈ کی ویڈیو شیئر کی۔