LIVE

لاکھوں روپے کی ایسی چھتری جو بارش سے محفوظ نہیں رکھ سکتی

ویب ڈیسک
May 22, 2022
 

گوچی کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر ایک چھتری فروخت کیلئے رکھی گئی جس کی قیمت ایک ہزار 644 ڈالرز ( یعنی 3 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) ہے۔—فوٹو: غیر ملکی میڈیا

اکثر لوگ بارش سے محفوظ رہنے کیلئے چھتری کا استعمال کرتے ہیں لیکن اگر ہم آپ کو ایک ایسی چھتری کے بارے میں بتائیں جس کی قیمت تو لاکھوں روپے ہے پر وہ بارش سے آپ کو محفوظ نہیں رکھے گی تو یہ سن کر آپ ضرور تھوڑا حیران ہوجائیں گے۔

جی ہاں دنیا کے مہنگے ترین برانڈ گوچی اور اسپورٹس ویئر بنانے والا برانڈ اڈیڈاس پر ان دنوں چین میں کافی تنقید کی جارہی ہے۔

 اس تنقید کی وجہ گوچی اور اڈیڈاس کے مشترکہ اشتراک سے بنائی گئی  چھتری ہے جس کی قیمت تو لاکھوں روپے  ہے پر وہ واٹر پروف نہیں۔

گوچی کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر ایک چھتری فروخت کیلئے رکھی گئی جس کی قیمت ایک ہزار 644 ڈالرز ( یعنی 3 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) ہے۔

تاہم چینی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے چھتری کی تصاویر اپ لوڈ کی گئیں اور خبردار کیا گیا کہ اسے نہ خریدیں یہ واٹر پروف نہیں ہے۔

فوٹو: ٹوئٹر

 چھتری جس کی  قیمت  تو بہت زیادہ ہے لیکن وہ بنیادی ضروت کو ہی پورا نہیں کرتی کے بارے میں جان کر صارفین کافی پریشان ہوئے اور برانڈ پر تنقید کرنا شروع کردی۔

تاہم بعد ازاں کمپنی کی جانب سے ویب سائٹ پر کہا گیا کہ یہ چھتری بارش سے بچانے کے لیے ڈیزائن نہیں کئی گئی بلکہ اس سے صرف دھوپ سے بچنے کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

گوچی کے مطابق یہ چھتری اٹلی میں بنائی گئی ہے جسے 80 اور 90 کی دہائی کے ڈیزائن سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہے  اور صارفین اسے دھوپ سے محفوظ رہنے کیلئے استعمال کرسکتے ہیں۔