LIVE

ٹائیگر شروف نے بلوچستان کے 10 سالہ ڈانسر بچے سے ملاقات کی خواہش ظاہر کردی

ویب ڈیسک
May 23, 2022
 

بالی وڈ کے مشہور اداکار اور ڈانسر ٹائیگر شروف نے 10 سالہ پاکستانی ڈانسر بچے سے ملاقات کی خواہش ظاہر کردی۔—فوٹو: اسکرین گریب عرب میڈیا

بالی وڈ کے مشہور اداکار اور ڈانسر ٹائیگر شروف نے  10 سالہ پاکستانی ڈانسر بچے سے ملاقات کی خواہش ظاہر کردی۔

سوشل میڈیا پر ان دنوں بلوچستان کے علاقے تربت کے 10 سالہ بریک ڈانسر سبحان سہیل کی دھوم ہے جو کم عمری میں اپنے بہترین ڈانس سے سب کے دل جیت رہے ہیں۔

ایسے میں عرب میڈیا کی جانب سے  سبحان سہیل کا انٹرویو لیا گیا جس میں 10 سالہ سبحان کا کہناتھا کہ مجھے مائیکل جیکسن اور ٹائیگر شروف بہت پسند ہیں، میں مستقبل میں ان کی طرح ہی ڈانس کرنا چاہتا ہوں۔

اس انٹرویو کی ویڈیو پاکستان سے تعلق رکھنے والی صحافی مہرین زہرہ نے ٹوئٹر پر پوسٹ کی اور ساتھ ہی ٹائیگر شروف کو ٹیگ کردیا۔

تاہم بعد ازاں بالی وڈ اداکار ٹائیگر شروف نے مہرین زہرہ کی ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ 'امید ہے کسی دن اس  بچے سے ملاقات ہو گی'۔

واضح رہے کہ کچھ ماہ قبل سبحان سہیل کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر کافی وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں اسکول یونیفارم میں ویسٹ انڈین آل راؤنڈر ڈوائن براوو کے چیمپئن گانے پر بریک ڈانس کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔