LIVE

چینی حملے کی صورت میں تائیوان کا دفاع کریں گے: امریکی صدر

ویب ڈیسک
May 23, 2022
 

امریکا سنگل چائنا پالیسی سے اتفاق کرتا ہے مگر یہ اس بات کا مطلب یہ نہیں ہے کہ تائیوان کے زور زبردستی سے حاصل کرلیا جائے: جوبائیڈن/ فائل فوٹو

امریکی صدر جوبائیڈن نے تائیوان پر چینی حملے کی صورت میں اس کے دفاع کا اعلان کیا ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن ان دنوں جاپان کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں تائیوان کے معاملے پر بھی بات کی۔

جاپانی وزیراعظم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں جوبائیڈن نے کہا کہ اگر چین تائیوان پر حملہ کرتا ہے تو امریکا اس کے دفاع کے لیے اپنی فورسز کا استعمال کرے گا۔

امریکی صدر کاکہنا تھا کہ تائیوان کے دفاع کا ہم نے مل کر عزم کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا سنگل چائنا پالیسی سے اتفاق کرتا ہے مگر اس بات کا مطلب یہ نہیں ہے کہ تائیوان کو زور زبردستی سے حاصل کرلیا جائے،یہ کسی طور مناسب نہیں ہے اور نہ ہی ایسی کوئی کارروائی کی جائے جو یوکرین میں دیکھنے میں آئی۔

دوسری جانب تائیوان کی وزارت خارجہ نے ملک کے دفاع کے عزم سے متعلق امریکی صدر کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔

تائیوان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین تائیوان کی سکیورٹی کو جس طرح پیش کرتا ہے اس پر بین الاقوامی برادری کو شدید تشویش ہے، ہماری حکومت تائیوان کی آزادی کے دفاع، جمہوریت اور سکیورٹی کے لیے پرعزم ہے۔