LIVE

ویڈیو: بلاسٹ ٹی 20 میں اسٹرلنگ کی دھواں دھار بیٹنگ، ایک اوور میں 34 رنز بنا ڈالے

ویب ڈیسک
May 28, 2022
 

آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ اپنی جارح مزاج بلے بازی کی وجہ سے مشہور ہیں اور جب تک وہ وکٹ پر ہوں تو مخالف ٹیم کے بولرز کو تگنی کا ناچ نچاتے رہتے ہیں اور ایسا ہی ایک مظاہرہ انہوں نے انگلینڈ میں جاری ویٹالٹی بلاسٹ ٹی ٹوئنٹی کے دوران بھی کیا۔

پال اسٹرلنگ نے دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناصرف ایک اوور میں 34 رنز بنائے بلکہ 51 گیندوں پر برق رفتار 119 رنز کی اننگز بھی کھیلی۔

بلاسٹ ٹی ٹوئنٹی میں برمنگھم بیئرز کی جانب سے نارتھمپٹن شائر کے خلاف کھیلتے ہوئے پال اسٹرلنگ نے اننگز کے تیرہویں اوور میں جیمز سیلز کو نشانے پر رکھا اور انہیں ایک ہی اوور میں 5 چھکے اور ایک چوکا جڑا۔

پال اسٹرلنگ نے جیمز سیلز کے اوور کی پہلی 5 گیندوں پر 5 چھکے لگائے تاہم اوور کی آخری گیند ٹھیک طرح سے ان کے بلے پر نہ آ سکی اور  وکٹ کیپر کے ساتھ سے ہوتی ہوئی 4 رنز کے لیے باؤنڈری سے باہر چلی گئی، اس طرح انہوں نے ایک اوور میں 34 رنز بنائے۔

اس میچ میں برمنگھم بیئرز نے مجموعی طور پر 16 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز اسکور کیے جس میں سیم ہینز کے 32 گیندوں پر دھواں دھار 66 رنز بھی شامل تھے۔