LIVE

اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کیے تو فوج تباہ ہو جائے گی، ملک کے تین ٹکڑے ہوں گے: عمران

ویب ڈیسک
June 01, 2022
 

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کیے تو فوج تباہ ہو جائے گی اور پاکستان کے تین ٹکڑے ہوں گے۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھاکہ ‘ یہ اصل میں پاکستان کا مسئلہ ہے، اسٹیبلشمنٹ کا مسئلہ ہے، اگر اس وقت اسٹیبلشمنٹ  صحیح فیصلے نہیں کرے گی تو میں آپ کو لکھ کر دیتا ہوں یہ بھی تباہ ہوں گے اور فوج سب سے پہلے تباہ ہوگی کیونکہ ملک دیوالیہ ہوگا‘۔

ان کا کہنا تھاکہ ان لوگوں کو اقتدار سے نہ نکالا تو ملک کے نیوکلئیر اثاثے چھن جائیں گے اوردرست فیصلے نہ کیے گئے تو پاکستان کے تین ٹکڑے ہوں گے۔

علاوہ ازیں عمران خان کے بیان پر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اتنی بے قراری ہے کہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ادارے انھیں اقتدار میں رکھیں ورنہ ایٹمی اثاثے چھن جائیں گے۔

ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا تھاکہ عمران اس سے پہلے یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اگر انہی لوگوں کو اقتدار میں رکھنا ہے تو بہتر ہے پاکستان پر ایٹم بم گرا دیا جائے۔