LIVE

بھارتی اداکار پر خاتون سے فراڈ اور جان سے مارنے کی دھمکی کے الزام میں مقدمہ درج

ویب ڈیسک
June 16, 2022
 

خاتون کا کہنا ہے کہ اداکار کرن ویر نے صرف ایک کروڑ واپس کیے جب کہ ابھی بھی ان کے پاس میرے 1 کروڑ 99 لاکھ روپے موجود ہیں__فوٹو فائل

بھارتی ٹیلی ویژن ڈراموں کے معروف اداکار منوج بوہرا المعروف کرن ویر بوہرا پر 40 سالہ خاتون سے فراڈ اور جان سے مارنے کی دھمکی کے الزام پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ کرن ویر نے ان سے 2.5 فیصد منافع کا وعدہ کرکے رقم بٹوری اور اب واپس کرنے سے انکار کررہے ہیں، انہوں نے اداکار کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروائی۔

خاتون کا کہنا ہے کہ اداکار کرن ویر نے صرف ایک کروڑ واپس کیے جب کہ ابھی بھی ان کے پاس میرے  ایک کروڑ 99 لاکھ روپے موجود ہیں جنہیں واپس دینے سے وہ مسلسل انکاری ہیں اور  جب میں رقم کا مطالبہ کرتی ہوں تو وہ اور ان کی اہلیہ مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کا آغاز کیا جاچکا ہے اور اسی کے پیشِ نظر اداکار اور ان کی اہلیہ کو بیان ریکارڈ کروانے پولیس اسٹیشن بھی طلب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کرن ویر بوہرا معروف بھارتی ڈراموں میں اداکاری کرچکے ہیں جن میں شرارت، کسوٹی زندگی کی سرِ فہرست ہیں۔