LIVE

پی سی بی کو 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی اسپیڈ والے 20 بولرز مل گئے، ندیم خان

سہیل عمران
June 17, 2022
 

ندیم خان نے بتایا کہ ان فاسٹ بولرز کی عمریں 19 سے 24 برس کے درمیان ہیں —۔ فوٹو: جیونیوز

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے ڈائریکٹر ندیم خان نے انکشاف کیا ہے کہ ہمیں اس وقت 20 سے زائد  فاسٹ بولرز ایسے ملے ہیں جو 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بھی زیادہ بولنگ کرتے ہیں۔

نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے ڈائریکٹر ندیم خان نے جیو نیوز کو بتایا کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں اسپیشلائزڈ کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،  کنڈیشنگ کیمپ کے بعد اب اسپیشلائزڈ کیمپ کا منصوبہ بنا رہے ، کنڈیشنگ کیمپ کا تجربہ کامیاب رہا ، اب اسے مزید آگے لے کر چلیں گے۔

ندیم خان نے بتایا کہ اس وقت 20 سے زائد بولرز ایسے ہیں جو 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے زیادہ بولنگ کرتے ہیں، ان فاسٹ بولرز کی عمریں 19 سے 24 برس کے درمیان ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ بولرز کے لیے باہر سے ایک ڈیولپمنٹ کوچ کی خدمات حاصل کریں گے، انہیں گروم کیا جائے گا اور اس طرح اگلے دس برسوں کے لیے پاکستان کی فاسٹ بولنگ کا مسئلہ حل ہو گا۔

ڈائریکٹر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان نے کہا کہ خوشی ہے کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز نے محمد حسنین کے ساتھ کام کیا ، ماضی میں ایکشن کی درستگی کے لیے باہر سے کنسلٹنس کی خدمات حاصل کی جاتی تھیں لیکن اس مرتبہ عمر رشید نے محمد حسنین کے ساتھ کام کیا، ابھی مزید کام کیا جا رہا ہے  کیوں کہ حسنین کلیئر تو ہو گئے  لیکن اب انہیں نئے ایکشن کا عادی بنانا ہے۔