LIVE

پاکستان اور افغانستان کے درمیان رواں برس ون ڈے سیریز کے امکانات ختم

سہیل عمران
June 25, 2022
 

تین ون ڈے میچز کی میزبانی افغانستان کو کرنی ہے تاہم گرم موسم میں ونڈو دستیاب ہونے کے باوجود سیریز کو ممکن نہ بنایا جا سکا— فوٹو: فائل

لاہور : پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز رواں برس ہونے کے امکانات ختم ہو گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تین ون ڈے میچز کی میزبانی افغانستان کو کرنی ہے  تاہم گرم موسم میں ونڈو دستیاب ہونے کے باوجود سیریز کو ممکن نہ بنایا جا سکا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی آئندہ برس اپریل تک مسلسل مصروفیت کے باعث سیریز ممکن نہیں، سیریز کیلئے نئی ونڈو  تلاش کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی، پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ہوم سیریز  2 اکتوبر کو ختم کرنے کے بعد نیوزی لینڈ جائے گی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز  15 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کھیلی جائے گی، نیوزی لینڈ میں تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز  آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہے۔

تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نیوزی لینڈ ، پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیمیں شریک ہوں گی، سیریز کے انعقاد کیلئے تینوں بورڈز کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔