Time 14 اگست ، 2021
کھیل

پاک افغان ون ڈے سیریز کو تاحال حتمی شکل نہ دی جا سکی

دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان سیریز کے حوالے سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے: ذرائع۔ فوٹو: فائل
دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان سیریز کے حوالے سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے: ذرائع۔ فوٹو: فائل

پاکستان اور افغانستان کرکٹ بورڈز کے درمیان ون ڈے سیریز کا شیڈول تاحال طے نہیں ہو سکا ہے۔

دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان سیریز کے حوالے سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے لیکن تمام معاملات کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے سری لنکا کے ایک ہی وینیو پر میچز کروانے کا کہہ دیا ہے جبکہ افغان کرکٹ بورڈ نے دو وینیوز پر میچز کروانے کی بات کی تھی لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کووڈ 19 پروٹوکولز اور بائیو سکیور ببل کی وجہ سے ایک ہی وینیو پر سیریز کا اسرار کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان سیریز کے لیے قرنطینہ کی مدت بھی طے نہیں ہو سکی ہے اور اس کے علاوہ سفری مشکلات بھی درپیش ہیں۔

خیال رہے کہ تین ون ڈے میچز کی سیریز 3 سے 9 ستمبر کے درمیان تجویز کی گئی تھی لیکن موجودہ صورتحال کی وجہ سے بھی پاکستان افغانستان کرکٹ سیریز پر خدشات کا اظہار کیا جانے لگا ہے۔

افغانستان کرکٹ بورڈ اپنے اسکواڈ کا اعلان کر چکا ہے اور بورڈ نے سیریز کی بھی تصدیق کی ہوئی ہے۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ سے بات چیت جاری ہے، کئی معاملات حل طلب ہیں، اس وقت تک سیریز آن ہے، افغانستان میزبان ہے اس نے ہی شیڈول کا اعلان کرنا ہے۔

مزید خبریں :