LIVE

عمران خان پورے کا پورا توشہ خانہ ہی کھاگئے: طلال چوہدری

ویب ڈیسک
June 29, 2022
 

دوست ملکوں کے دیے ہوئے تحائف بیچ کر کھاجائیں تو پاکستان کی کیا عزت رہ جائےگی؟ لیگی رہنما کا ردعمل— فوٹو: فائل

رہنما ن لیگ طلال چوہدری نے عمران خان کو کھری کھری سنادیں اور کہا کہ عمران خان پورے کا پورا توشہ خانہ ہی کھاگئے۔

اپنے ردعمل میں طلال چوہدری نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں حقائق چھپانے کیلئے عمران خان نے قوم سے جھوٹ پر جھوٹ بولا، دوست ملکوں کے دیے ہوئے تحائف بیچ کر کھاجائیں تو پاکستان کی کیا عزت رہ جائےگی؟

 طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے ملک کا جو نقصان کیا ہے اس کے ازالے کے لیے قانونی کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کا ایک اور توشہ خانہ اسکینڈل سامنے آگیا ہے۔

پہلے میڈیا میں رپورٹ ہوئی گھڑیوں کے علاوہ تین مزید گھڑیاں عمران خان نے فروخت کیں اور اپنی حکومت کی ترامیم کا فائدہ اٹھا کر گھڑیوں کی قیمت کا تخمینہ اصل سے کم لگوایا اور اس کم قیمت کا 20 فیصد قومی خزانے میں جمع کروایا۔

رپورٹس کے مطابق عمران خان نے توشہ خانے سے یہ گھڑیاں اپنی جیب سے نہیں خریدیں بلکہ گھڑیوں کو پہلے اوپن مارکیٹ میں فروخت کیا گیا بعد میں گھڑیوں کی فروخت سے ملنے والے پیسوں میں سے 20 فیصد قومی خزانے میں جمع کرایا گیا۔

ان تین گھڑیوں کی مالیت 15 کروڑ 40 لاکھ روپے تھی اور یہ گھڑیاں مشرق وسطیٰ کے اعلیٰ معزز ، خلیجی جزیرے کے شاہی خاندان کے فرد اور اسی خلیجی جزیرے کے ایک معزز شخص نے پاکستان کے وزیراعظم کو تحفے میں دی تھیں۔