LIVE

گوگل سرچ انجن کی مقبولیت کو کس پلیٹ فارم سے خطرہ لاحق ہوگیا؟

ویب ڈیسک
July 18, 2022
 

گوگل کے اندرونی ڈیٹا میں یہ انکشاف سامنے آیا / فائل فوٹو

ٹک ٹاک اب سوشل میڈیا ایپ سے بڑھ کر بھی انٹرنیٹ کی دنیا پر اپنے قدم جمانے میں مصروف ہے۔

گوگل کے اندرونی ڈیٹا کے مطابق 25 سال کی عمر کے لگ بھگ 40 فیصد افراد گوگل سرچ اور میپس کے مقابلے میں سرچنگ کے لیے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام کو ترجیح دیتے ہیں۔

ٹک ٹاک اس وقت دنیا کی مقبول ترین سوشل میڈیا ایپ ہے اور گزشتہ چند سال کے دوران اس کے صارفین کی تعداد میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

درحقیقت ٹک ٹاک نے اپنی حریف ایپس انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ کو بھی مختصر ویڈیو کے فیچر کاپی کرنے پر مجبور کردیا۔

اب گوگل کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ ٹک ٹاک نے نوجوان افراد میں انٹرنیٹ سرچز کا رجحان بھی بدلنا شروع کردیا ہے جس نے گوگل کو فکرمند کردیا ہے۔

گوگل کے سنیئر نائب صدر پربھارکر راگھون نے ایک کانفرنس میں بتایا کہ گوگل کے اندرونی ڈیٹا کے مطابق 40 فیصد کے لگ بھگ نوجوان اگر کوئی چیز یا جگہ تلاش کررہے ہوتے ہیں تو وہ گوگل میپس یا سرچ کی بجائے ٹک ٹاک یا انسٹاگرام کا رخ کرتے ہیں۔

گوگل نے اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے منصوبہ بندی بھی کی ہے اور سرچ انجن میں ایسی تبدیلیوں پر غور کیا جارہا ہے جو نوجوانوں کی توجہ کھینچ سکیں۔

گوگل کے عہدیداران کے مطابق اس وقت ہمیں مختلف ذرائع سے مسابقت کا سامنا ہے جن میں جنرل اور اسپیشلائزڈ سرچ انجنز کے ساتھ ساتھ ایپس بھی شامل ہیں۔

اس سے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ٹک ٹاک پلیٹ فارم یوٹیوب کے لیے بھی خطرہ بنتا جارہا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق 2024 تک ٹک ٹاک اشتہاری آمدنی کے معاملے میں یوٹیوب کو پیچھے چھوڑ دے گا۔