LIVE

یوکرینی گندم کی پہلی کھیپ کل روانہ ہونے کا امکان ہے: ترک صدارتی ترجمان

ویب ڈیسک
July 31, 2022
 

روس اور یوکرین کے درمیان گندم برآمدگی معاہدے کے مطابق استنبول میں قائم مشترکہ رابطہ مرکز یوکرین کی تین بندرگاہوں سے گندم کی محفوظ برآمدگی کو یقینی بنائے گا — فوٹو: فائل

ترک صدارتی ترجمان کا کہنا ہے کہ یوکرین سے اناج کی پہلی کھیپ لے جانے والا بحری جہاز  یکم اگست کو روانہ ہوسکتا ہے۔

ترک صدارتی ترجمان کا کہنا تھا کہ استنبول میں قائم مشترکا رابطہ مرکز اناج ترسیل کے راستوں پر حتمی کام جلد مکمل کر لے گا۔

روس اور یوکرین کے درمیان گندم برآمدگی معاہدے کے مطابق استنبول میں قائم مشترکہ رابطہ مرکز یوکرین کی تین بندرگاہوں سے گندم کی محفوظ برآمدگی کو یقینی بنائے گا۔

خیال رہے کہ روس اور یوکرین دنیا بھر میں اناج کی ترسیل کرنے والے سب سے بڑے ممالک ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان یوکرینی اناج برآمدگی کا معاہدہ کچھ دن قبل اقوام متحدہ اور ترکیہ کی ثالثی میں ہوا تھا۔

رواں برس فروری میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے گندم برآمدات کی بندش کی وجہ سے دنیا بھر میں اناج قلت پیدا ہو گئی تھی اور  اناج کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا تھا۔