LIVE

صدر عارف علوی کی ایف بی آر کو عارضی لیکچرارز پر ٹیکس ختم کرنےکی ہدایت

نوشین یوسف
August 01, 2022
 

صدر مملکت کی جانب سے وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلوں کے خلاف ایف بی آر کی 30 اپیلیں مسترد کردی گئیں۔— فوٹو: فائل

صدر مملکت عارف علوی نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو عارضی لیکچرارز پر غیر منصفانہ ٹیکس کٹوتی ختم کرنےکی ہدایت کردی ہے۔

صدر مملکت کی جانب سے وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلوں کے خلاف ایف بی آر کی 30 اپیلیں مسترد کردی گئیں۔

صدر نے ہدایت کی ہے کہ ایف بی آر غیر مستقل لیکچرارزکی تنخواہوں پر غیر معقول ٹیکس کٹوتی کاعمل بند کرے، غیر مستقل لیکچرارز کی تنخواہ پر 20 فیصد ودہولڈنگ انکم ٹیکس وصولی غیرقانونی اور بدانتظامی کا عمل ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے لیکچرارز  پر ودہولڈنگ ٹیکس کٹوتیوں کا بوجھ نہ ڈالا جائے، قانون کے تحت ریگولر، ایڈہاک ملازمت پر رکھےگئے ملازمین کی اجرت ’تنخواہ‘ہی تصور ہوتی ہے، لیکچرارز کو ادائیگیاں ’خدمات کے ٹیکس ‘کے زمرے میں نہیں آتیں، حقائق کے پیش نظر وفاقی محتسب کے احکامات جائزتھے، ایف بی آر کی نمائندگی کو مسترد کیا جاتا ہے۔