LIVE

کامن ویلتھ گیمز: اسپرنٹر شجر عباس آج سیمی فائنل میں ایکشن میں نظر آئیں گے

فیضان لاکھانی
August 05, 2022
 

فوٹو:اسکرین گریب

برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز 2022 کی دو سو میٹر ریس کی سیمی فائنلز کی اسٹارٹ لسٹ جاری کردی گئی۔

لسٹ کے مطابق پاکستان کے شجر عباس سیمی فائنل کی پہلی ریس میں شامل ہوں گےان کیلئے پانچویں لین مقرر  ہے ،یہ مقابلہ جمعے کی رات 11 بج کر 9 منٹ پر ہوگا۔

ٹاپ ایتھلیٹس کائل گریویکس، زرنل ہیوس، برینڈن روڈنی بھی شجر کے ساتھ دوڑیں گے۔

فوٹو: اسکرین شاٹ

واضح رہے کہ مجموعی طور پر تین سیمی فائنل ریسیں ہوں گی، ہر ریس سے دو کھلاڑی اور اس کے بعد دو بہترین ٹائم کے پلیئر فائنل کھیلیں گے۔

اس سے قبل پاکستان کے نوجوان اسپرنٹر شجر عباس 200 میٹر کی ہیٹ ٹو میں شریک تھے۔ انہوں نے گزشتہ برس کے ورلڈ انڈر 20 ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے گولڈ میڈلسٹ نائیجیریا کے اڈوڈی اونوز ریکی کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

شجر نے مقرر فاصلہ 21.12 سیکنڈز میں طے کیا اور سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ مجموعی طور پر وہ ٹائمنگ کے اعتبار سے 58 ایتھلیٹس میں 12 ویں نمبر پر رہے۔ شجر کی 200 میٹر میں پرسنل بیسٹ 20.87 ہے۔