04 اگست ، 2022
کامن ویلتھ گیمز کی 200 میٹر ریس میں پاکستان کے شجر عباس نے اپنی ہیٹ جیت کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، اپنی ہیٹ میں شجر نے گزشتہ سال کے جونیئر ورلڈ چیمپئن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، سیمی فائنل ریس کل ہوگی۔
پاکستان کے نوجوان اسپرنٹر شجر عباس 200 میٹر کی ہیٹ ٹو میں شریک تھے۔ انہوں نے گزشتہ برس کے ورلڈ انڈر 20 ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے گولڈ میڈلسٹ نائیجیریا کے اڈوڈی اونوز ریکی کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
شجر نے مقرر فاصلہ 21.12 سیکنڈز میں طے کیا اور سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ مجموعی طور پر وہ ٹائمنگ کے اعتبار سے 58 ایتھلیٹس میں 12 ویں نمبر پر رہے۔ شجر کی 200 میٹر میں پرسنل بیسٹ 20.87 ہے۔
24 کھلاڑیوں کے درمیان تین سیمی فائنل ریسیں جمعے کی رات 11 بجے ہوں گی جس کے بعد 8 کھلاڑی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گے۔
اپنی ریس کے بعد جیو نیوز سے گفتگو میں شجر عباس نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ سیمی فائنل میں بھی پاکستان کیلئے اچھا پرفارم کریں ، قوم سے اپیل ہے کہ ان کیلئے دعا کریں۔