LIVE

ایوان سے مسلسل غیر حاضری، تحریک انصاف کے محمد میاں سومرو نے اسپیکر کو خط بھیج دیا

ویب ڈیسک
August 05, 2022
 

پی ٹی آئی کے محمد میاں سومرو نے اسپیکر آفس کو معذرت کا خط بھجوادیا اور کہا کہ اپنے حلقے میں بلدیاتی انتخابات کی وجہ سے ایوان میں حاضر نہیں ہوسکا— فوٹو: فائل

اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے 4 اراکین کو ایوان سے مسلسل غیر حاضر قرار دینے کے معاملے پر تحریک انصاف کے رکن محمد میاں سومرو نے اسپیکر قومی اسمبلی سے معذرت کرلی۔

پی ٹی آئی کے محمد میاں سومرو نے اسپیکر آفس کو معذرت کا خط بھجوادیا اور کہا کہ اپنے حلقے میں بلدیاتی انتخابات کی وجہ سے ایوان میں حاضر نہیں ہوسکا۔

محمد میاں سومرو نے مزید کہا کہ میری ایوان سے پچھلی غیر حاضری پر چھٹی کی درخواست منظور کی جائے، ستمبر کے آخر تک میری ایوان سے چھٹی منظور کی جائے۔

خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے محمد میاں سومرو سمیت تحریک انصاف کے 4 ارکان کو مسلسل غیر حاضر قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ چاروں اراکین کے نہ استعفے ملے اور نہ چھٹی کی درخواست ملی۔

اسپیکر قومی اسمبلی مسلسل غیر حاضر اراکین کی نشست خالی قرار دے سکتے ہیں۔