LIVE

بھارت میں گاڑیوں کی طلب میں اضافہ، کمپنی کی پیداواری استطاعت کم پڑ گئی

ویب ڈیسک
August 05, 2022
 

کمپنی کی جانب سے بکنگ شروع کرنے کے آدھے گھنٹے میں انہیں 1 لاکھ سے زائد بکنگز مل چکی تھی: راجیش جیجوریکر — فوٹو: فائل

بھارت میں مقامی ساختہ گاڑی کی مانگ میں بے تحاشہ اضافے کے نتیجے میں کار ساز کمپنی کی پیداواری استطاعت کم پڑ گئی ہے۔

بھارت کی مقامی کار ساز کمپنی مہیندرا اینڈ مہیندرا لمیٹڈ نے کہا ہے کہ اس کی معروف اسپورٹ یوٹیلیٹی وہیکل (ایس یو وی) کی مانگ میں  اتنا اضافہ ہو گیا ہے کہ کمپنی کی پیداواری صلاحیت کم پڑ رہی ہے۔

کمپنی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راجیش جیجوریکر کا کہنا ہے کہ رواں سال کے پہلے ہی کوارٹر میں کمپنی کی گاڑیوں کی مانگ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 74 فیصد اضافہ ہو گیا ہے اور اب تک 2 لاکھ 73 ہزار گاڑیوں کی بکنگ ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی کی جانب سے بکنگ شروع کرنے کے آدھے گھنٹے کے اندر انہیں 1 لاکھ سے زائد  بکنگ آرڈر مل چکے تھے یہاں تک کہ اب ہماری کمپنی کی پیداواری صلاحیت کم پڑ گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کمپنی کی پیداواری صلاحیت کے مطابق ہم ایک ماہ میں صرف 6000 گاڑیاں بنا سکتے ہیں جبکہ گاڑیوں کی بکنگ اس سے کہیں زیادہ ہو گئی ہے۔