LIVE

اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ کے عدالتی اختیارات ختم کرنے کا بل قانون نہ بن سکا

نوشین یوسف
August 14, 2022
 

ضابطہ فوجداری ترمیمی بل کو سینیٹ اور قومی اسمبلی منظور کرچکی تاہم بل پر تاحال صدر کے دستخظ نہ ہوسکے— فوٹو: فائل

اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ کےعدالتی اختیارات ختم کرنے سے متعلق سینیٹرعرفان صدیقی کا بل قانون نہ بن سکا۔

ضابطہ فوجداری ترمیمی بل کو سینیٹ اور قومی اسمبلی منظور کرچکیں لیکن بل پر تاحال صدر کے دستخظ نہ ہوسکے اور بل قانون نہ بن سکا۔

23 مئی کو سینیٹ اور 8 جون کو قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد سے بل لاپتہ ہے۔ اس حوالے سے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھاکہ بل کا کوئی سراغ نہیں مل رہا کہ وہ کہاں ہے؟ 14 روز کے اندر صدر کو بل پر دستخط کرنا ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ بل کا لاپتہ ہوجانا آئین اور پارلیمنٹ کی توہین ہے، بل گمشدگی کا معاملہ سینیٹ میں اٹھاؤں گا اور بل کو لاپتہ نہیں ہونے دوں گا۔

عرفان صدیقی کا کہنا تھاکہ اگر بل کے قانون بننے میں کوئی طاقتور لابی حائل ہے تو اسے بے نقاب کروں گا۔

دوسری جانب ایوان صدر کے حکام کا کہنا ہے کہ بل کے حوالے سے کوئی علم نہیں۔