LIVE

پیٹرول کی قیمت پر نواز شریف کے اجلاس سے اٹھ کر چلے جانےکا سوال مفتاح اسماعیل گول کرگئے

ویب ڈیسک
August 16, 2022
 

پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر  نواز شریف کے اجلاس سے اٹھ کر چلے جانے سے متعلق سوال وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل گول کرگئے۔

خیال رہےکہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا تھا۔

ٹوئٹر پر ایک صارف نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز سے مخاطب ہو کر درخواست کی تھی کہ ' آپ میاں نواز شریف صاحب کو بولیں پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لیں'۔

جس کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے ٹوئٹر پر لکھا کہ 'میاں صاحب نے اس فیصلے کی سخت مخالفت کی اور  یہاں تک کہہ دیا کہ میں مزید ایک پیسے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈال سکتا اور اگر حکومت کی کوئی مجبوری ہے تو میں اس فیصلے میں شامل نہیں ہوں اور میٹنگ چھوڑ کر چلےگئے'۔

آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل سے جب ایک صحافی نے نواز شریف کے اجلاس سے اٹھ کر چلے جانے سے متعلق سوال کیا تو مفتاح نے جواب نہیں دیا اور گول کرگئے بس اتنا کہا کہ وہ ایک نجی احلاس تھا۔

 اس سوال پرکہ کیا ن لیگ کی قیادت گڈ کوپ بیڈ کوپ کھیل رہی ہے ؟ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ  اس معاملےکو کسی کی ذات سے نہ جوڑیں، قیمتیں اوگرا کی تجویز پر وزیر اعظم شہباز شریف کے دستخط کے بعد ہی بڑھیں ۔

مفتاح اسماعیل نے مزید بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے ستمبر میں پیٹرولیم مصنوعات پر دس روپے بڑھانے کا معاہدہ کر رکھا ہے۔