LIVE

پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، برطانیہ کا لاکھوں پاؤنڈ امداد کا اعلان

ویب ڈیسک
August 27, 2022
 

پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا اقوام متحدہ بھی جائزہ لے رہا ہے: برطانوی ہائی کمیشن— فوٹو: اے پی پی

برطانیہ نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان کیلئے لاکھوں پاؤنڈ امداد کا اعلان کردیا۔

برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق برطانیہ سیلاب متاثرین کیلئے پاکستان کو 15 لاکھ پاؤنڈ فراہم کرے گا۔

برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے اب تک 900 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور بارشوں سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں جبکہ بارشوں اور سیلاب سے 7 لاکھ سے زائد مکانات تباہ ہوئے ہیں۔

برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا اقوام متحدہ بھی جائزہ لے رہا ہے اور امدادی فنڈ کیلئے اقوام متحدہ کی جانب سے منگل کو اپیل جاری ہونےکی توقع ہے۔

خیال رہے کہ ملک کے چاروں صوبوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچائی ہوئی ہے اور اب تک 900 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

سیلابی ریلوں نے لاکھوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے۔