LIVE

ویڈیو: امریکن ائیرلائن کے مسافر نے جہاز کے عملے کو مکا رسید کر دیا

ویب ڈیسک
September 23, 2022
 

امریکن ائیر لائن میں سوار  ایک مسافر نے جہاز کے عملے سے تلخ کلامی کے بعد ایک اہلکار کو مکا جڑ دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مسافر کی جانب سے جہاز کے عملے کو مکا مارنے کا واقعہ  امریکن ائیرلائن کی فلائٹ 377 میں پیش آیا۔

جہاز نے میکسیکو میں لاس کیبوس سے لاس اینجلس کے لیے اڑان بھری تھی کہ دوران پرواز مسافر کی جانب سے عملے کو  مکا مارا گیا۔

جہاز میں موجود ایک مسافر کی جانب سے مسافر کی عملے سے بدتمیزی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پہلے مسافر اور عملے کے درمیان تلخ کلامی ہوتی ہے اور  پھر مسافر پیچھے سے آتے ہوئے عملے کو مکا مار دیتا ہے۔

امریکن ائیرلائنز کے مطابق مسافر کو لاس اینجلس میں لینڈ ہوتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ ائیر لائن کی جانب سے مسافر پر تاحیات پابندی بھی لگا دی گئی ہے۔